24:14 – ایک جنگ، جو بالآخر ختم ہوتی نظر آتی ہے
– سٹین پارکس اور سٹیو سمِتھ –
گذشتہ 30 سال سے زائد عرصے سے ایک نئے انداز کی جنگ خاموشی سے جاری رہی ہے ۔ اس کی ابتدا تب ہوئی جب کچھ ناقابلِ تسخیر”حریت پسندوں “نے خاموشی سے ایک جنگ کا آغاز کیا ۔یہ وہ لوگ تھے جو اربوں کی تعداد میں لوگوں کو انجیل تک رسائی حاصل کئے بغیر جیتا اور مرتا نہیں دیکھ سکتے تھے ۔یہ ایسے انتہاپسند تھے جو اتنی تعداد میں زندگیوں کو اس دنیا کے حاکم کی قید میں دیکھنا قبول نہیں کر رہے تھے ۔اور انہوں نے اس مقصد کے لئے اپنی زندگیاں قربان کر دیں کہ یسوع ان قیدیوں کو آزاد کرائے۔
یہ جنگ اُن صلیبی جنگوں کی طرف اشارہ نہیں کرتی ،جو دنیاوی مقاصد کے حصول کی خاطربے جا طور پر یسوع کا نام استعمال کرتی رہیں۔ یہ بادشاہی نظر نہ آنے والی ہے جیسا کہ یسوع نے کہا :
“یِسُوع نے جواب دِیا کہ میری بادشاہی اِس دُنیا کی نہیں ۔ اگر میری بادشاہی دُنیا کی ہوتی تو میرے خادِم لڑتے تاکہ مَیں یہُودِیوں کے حوالہ نہ کِیا جاتا ۔ مگر اب میری بادشاہی یہاں کی نہیں۔ “(یوحنا18:36 )
یہ جنگ لوگوں کی روحوں کو بچانے کی جنگ ہے۔ اس جنگ کے سپاہیوں کواس بات پر یقین ہے کہ چرچز ،راہنمااور تحریکیں، روح القدس کی تحریکیں بن کر افزائش در افزائش پا سکتی ہیں ۔ بالکل اسی طرح جیسے ابتدائی کلیسیا میں ہوا ۔انہیں اس بات کا یقین ہے کہ یسوع کے احکامات آج بھی اُتنے با اختیار اور روح القدس کی قوت سے معمور ہیں ،جیسے 2000 سال پہلے تھے ۔
چرچز کی تخم کاری کی تحریکیں(CPM) آج بھی اُسی طرح پھیل رہی ہیں جیسے اعمال کی کتاب کے دور میں پھیلیں اورپھر اُس کے بعد تاریخ میں مختلف ادوار میں پھیلتی رہیں۔ یہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ صدیوں پرانی بات ہے ۔ان تحریکوں کی جڑیں بائبل میں موجود شاگردی کے اصولوں میں ہیں ۔یعنی یسوع کے تمام شاگرد یسوع کے پیچھے چلتے ہیں اور آدم گیربنتے ہیں ۔( مرقس ٍ1:17) ۔ ہر براعظم میں، جہاں پہلے یہ کہا جاتا تھا کہ (CPM) کی تحریک یہاں نہیں چل سکتی ، ایسی تمام جگہوں پر تحریکیں پھیل اور پھل پُھول رہی ہیں ۔
بائبل کے اصولوں کا اطلاق عملی طور پر کئی قسم کے تہذیبی تناظروں میں ہو رہا ہے اور یہ اصوُل افزائش کے نمونے بن رہے ہیں۔ خُدا کے خادم بھٹکے ہوؤں کو ڈھونڈ رہے ہیں ، شاگرد بنا رہے ہیں ،مضبوط بنیادوں پر استوار چرچز قائم کر رہے ہیں اور مقدس راہنما تیار کر رہے ہیں ۔ اس کے نتیجے میں نسل درنسل افزائش ہوتی ہے اور بالآخر پورا معاشرہ تبدیل ہونے لگتا ہے ۔
خُدا کی بادشاہی کے پھیلاؤ کی رفتار آبادی کی افزائش کی رفتار سے زیادہ کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے – اور یہ طریقہ تحریکوں کا ہے جنہیں ہم پوری تاریخ میں پھلتا پھولتا دیکھتے ہیں۔ ان کے بغیر خدمت اور منادی کی بہترین کوششیں بھی ناکام ہو جاتی ہیں ۔
نئے انداز کی اس کوشش کی لہر بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور کوئی بھی اسے روک نہیں پا رہا ۔یہ جنگ کوئی وقتی جنون نہیں ہے ۔ 20 سال کے عرصے میں (CPM) کی کئی تحریکوں نے بہت سے چرچز کی افزائش کی ہے۔ یہ تحریکیں جوکہ 1990 میں صرف تھوڑی سی تعداد پر مشتمل تھیں، اب مئی 2020 تک 1360 کی تعداد عبور کر چکی ہیں ۔ہر ماہ نئی تحریکوں کے آغاز کی رپورٹ ملتی چلی جاتی ہے ۔ ہر تحریک کی پیش روی کے پیچھے بے حد صبر وتحمل اور قربانی کار فرما ہوتی ہے ۔
خُد اکی بادشاہی کے کلام کو تما م نارسا اور کم رسائی والی قوموں تک لے جانے کے مشن کی راہ میں بہت زیادہ تکلیفوں اور ایذارسانیوں کا سامنا ہوتا ہے ۔ یہ ایک ایسی جدوجہد ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ یسوع کے نام کو ہر جگہ جلال ملے اور ساری قومیں اُس کی عبادت کریں۔ اس مشن کی تکمیل کے لئے سب کچھ قربان کرنا پڑتا ہے، اور یہ کوئی بڑی قیمت نہیں۔ یسوع کی خاطر یہ بہت چھوٹی سی قیمت ہے ۔
جدید دور میں ایسی تحریکوں کی ابتدا سے اب تک تقریبا 3 دہائیاں گذرنے کے بعد ایک ایسااتحاد ابھرا ہے ،جو محض سوچ بِچار اور گفت وشنید کی بنیاد پر قائم نہیں ، بلکہ یہ اُن راہنماؤں کے ہاتھوں پروان چڑھا ہے جو خُودتحریکوں میں شامل رہے ہیں۔ یہ لوگ مل کر ایک بہت بڑے مقصد کی تکمیل کے لئے کوشش کر رہے ہیں ۔
“اور بادشاہی کی اِس خُوشخبری کی مُنادی تمام دُنیا میں ہو گی تاکہ سب قَوموں کے لِئے گواہی ہو ۔ تب خاتِمہ ہو گا۔ “(متی 14: 24)
“جو اِن باتوں کی گواہی دیتا ہے وہ یہ کہتا ہے کہ بیشک مَیں جلد آنے والا ہُوں ۔ آمِین ۔اَے خُداوند یِسُوع آ۔” ( مکاشفہ 20: 22)
پھر ہم پکار اٹھتے ہیں :
تیری بادشاہی آئے !( تحریکیں )
کوئی جگہ رہ نہ جائے !( سب تک مکمل رسائی )
جو دوسروں نے شروع کیا اُس کی تکمیل ! ( اُن لوگوں کو خراجِ تحسین کے لئے جو ہم سے پہلے گُزر چکے )
دعا کے وسیلے سے، ہمارے اتحاد نے محسوس کیاکہ خُدا نے ہمیں اپنی کاوشوں کی رفتار بڑھانے کے لئے ایک حتمی تاریخ دے دی ہے : ہمارا مقصدہے کہ خُدا کی بادشاہی کی پیش روی کی موثر تحریکوں ، CPM کی حکمت عملی کے ذریعے 31دسمبر 2025 تک تمام نارسا قوموں اور علاقوں تک رسائی حاصل کر کے سرگرمی شروع کر دی جائے۔ اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے تنظیموں اور فرقوں کی تفریق کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہم سب کو رکن بننے کی کُھلی دعوت دیتے ہیں، تاکہ ہم مل کر ایک رضا کار فوج بن جائیں ، اُس آیت کے اثر کے تحت جو ہماری کاوشوں کا مرکز ہے : 24:14
ہماری تحریک، مغربی انداز کی مشنری کوششوں پر قائم نہیں ہے۔ ہم میں جنوبی ایشیا کے گھریلو چرچز کی تحریکوں لے کر ، 40/10 ونڈو کی مسلمان پس منظر کی تحریکیں ،مشن پربھیجنے والی ایجنسیاں ، جدید علاقوں میں چرچ قائم کرنے والے نیٹ ورکز ، پہلے سے قائم شدہ معروف چرچز اور بہت سے ادارے شامل ہیں ۔
ہم اُن سب تنظیموں اور اداروں کے لئے ایک شراکتی جماعت ہیں جو ہنگامی ضرورت کے تحت تمام نارسا قوموں اور دنیا کے تمام علاقوں میں تیز رفتاری کے ساتھ چرچز کی تخم کاری کی تحریکوں کی افزائش کے لئے تعاون چاہتے ہیں۔
ہماری بلاہٹ جنگی اور ہنگامی نوعیت کی بلاہٹ ہے۔( www.missionfrontiers.org کی ویب سائٹ پر ڈیبیوس کا مضمون ملاحظہ کریں ) تاکہ ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر قربانیاں دیں اور پوری دنیا میں تمام قوموں کے لئے انجیل کی منادی کے گواہ بنیں ۔
کیا یہ انقلابی تحریک اُن سینکڑوں منصوبوں سے مختلف ہے جو گذشتہ کئی صدیوں میں سامنے آتے رہے ؟ ہمارا خیال ہے کہ بالکُل ایسا ہی ہے۔ ( یہ تحریر ملاحظہ کیجئے:http://www.missionfrontiers.org/issue/article/why-is-2414-different-than-previous-efforts) ہم رابطوں کے نیٹ ورکز کی ایسی جماعت ہیں جو خود تحریکوں کی جڑوں سے ابھرے ہیں۔ ہمارا مقصد ایک ہی ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ 24:14 کا یہ نصب العین اُن تمام تاریخی اور حالیہ کاوشوں کا نکتہ ِ ِ انتہا ہو سکتا ہے کیو نکہ ہم تمام کوششوں اور کاوشوں کی مدد کر کے اُنہیں مقصد کے حصول میں کامیاب بنا سکتے ہیں ۔
ایک آخری نسل ہو گی۔ اس نسل میں خُدا کی بادشاہی پوری دنیا میں پھیلے گی ۔ اور دنیا کی مزاحمت اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجودآگے بڑھتی جائے گی۔ایک انوکھے سے انداز میں دیکھنے سے لگتا ہے کہ متی کے 24 ویں باب میں ہماری ہی نسل کا ذکر کیا گیا ہے۔
ہم 2000 سال پر پھیلی ایک رُوحانی جنگ کا خاتِمہ ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں دُشمن کی شکست واضح نظر آ رہی ہے۔ ” کوئی جگہ باقی نہیں رہی جہاں یسُوع کا نام نہیں لیا گیا ہو”، ( رومیوں 23: 15 ) ،کا پیغام اُفق پر اُبھرتا دکھائی دے رہا ہے۔ خُدا ہم سے تقاضا کر رہا ہے کہ ہم قیمت چُکا کر اور قربانیاں دے کر وہ نسل بن جائیں جو متی 14: 24 کی تکمیل کرے۔ کیا آپ ہمارے ساتھ ہیں؟
مشن فرنٹئیرز www.missionfrontiers.orgکے جنوری-فروری 2018 کے شمارے میں صفحات 12 -7 پر شائع ہونے والے مضمُون سے تدوین اور تلخیص شدہ،اور 24:14 – A Testimony to All Peoples کے صفحات 181-174 پر بھی شائع ہُوا۔ 24:14 یا Amazonپر بھی دستیاب ہے۔