خُدا کے لئے جذبہ، لوگوں کے لئے ہمدردی
– شوڈانکے جانسن –
خُدا کی محبت کا عملی اظہار چرچز کی تخم کاری کی تحریکوں میں ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس سے نہ صرف خوشخبری دینے کے لئے دروازے کھُلتے ہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں اور اُن کے معاشروں میں خُدا کی بادشاہی کا پھل نظر آنے لگتا ہے ۔
ایکسیس منسٹریز،نیو ہارویسٹ منسٹریز(NHM) کا ایک ستون ہے ۔اپنی ابتدا سے ہی نیوہارویسٹ نے 12 ممالک میں 4000 سے زائد آبادیوں کے درمیان خُدا کی محبت کے اظہار ، شاگرد سازی اور چرچز کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جوش، جذبے اور محبت سے بھرپوران سر گرمیوں نے نہ صرف لاکھوں لوگوں کو شاگرد بنایا ہے، بلکہ دس ہزار سے زائد نئے مسیحی راہنما تخلیق کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ہمدردی، خُدا کی بادشاہی کی اقدار میں سے ایک لازمی قدر ہے ،جو شاگرد سازی کی ہر تحریک کا بنیادی اصول ہے ۔ہم لوگوں تک رسائی کے لئے مختلف قسم کی درجنوں منسٹریاں چلا رہے ہیں ۔ان میں سے ہر ایک ،افریقہ میں خُدا کی بادشاہی کی پیش روی کے لئے اپنے اپنے مخصوص کردار میں ہماری معاون ہے۔ ان میں سے زیادہ تر منسٹریوں پر کچھ خاص خرچہ نہیں اُٹھتا ،لیکن خُدا کی مدد کے ساتھ اُن کا اثر بہت زیادہ ہے۔ ہم ہر منسٹری میں مقامی افراد کے ساتھ شراکت کرتے ہیں۔ عام طور پر وہ ہمیں قیادت ، کارکن اور وسائل مہیا کرتے ہیں – یہ بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لئے اُس علاقے میں موجود ہوتی ہیں ۔
دلیر انہ جذبہ
نیو ہارویسٹ سیرا لیؤن میں ہمارے ہیڈ کوارٹر کے ذریعے کئی ممالک میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔جب 2014 میں ایبولا کی وبا پھیلی تو ہم سے یہ نا ہو سکا، کہ ہم محفوظ مقامات پر بیٹھے رہیں اوراپنے اردگرد پھیلی ہوئی آفت سے نہ نمٹیں ۔ اس وبا نے خاص طور پر کئی مسلمان دیہاتوں کو شدت سے متاثر کیا تھا، کیو نکہ تدفین کے اسلامی طریقوں پر عمل کی وجہ سے وہاں یہ وبا بہت بُری طرح پھیل رہی تھی ۔ ایبولا کی وجہ سے لوگ ، ناگہانی مرتے ہُوئےاپنے والدین یا بچوں کو بھی چھونے سے گریز کرنے لگے تھے ۔ اس تناظر میں نیو ہارویسٹ کے کئی راہنماؤں نے رضا کارانہ طور پر خطرناک ترین مقامات پر اپنی خدمات پیش کیں۔ اُن میں سے کچھ بچ گئے لیکن بہت سے اپنی جان گنوا بیٹھے – زیادہ تر مسلمانوں کی خدمت کرتے ہوئے ۔
ایک گروہ کا مسلمان سردار اپنے قرنطینہ میں بند گاؤں سے لوگوں کو بھاگتے دیکھ کر بہت مایوسی کا شکار تھا ۔وہ مسیحیوں کو وہاں خدمت کے لئے آتے دیکھ کر بہت حیران تھا۔ اُس نے تنہائی میں جا کر خُدا سے یہ دعا کی :” اَے خُدا اگر تو مجھے اور میرے خاندان کو اس وبا سے بچا لے تو ہم سب اُن لوگوں کی طرح ہو جائیں گے جو ہم سے محبت کااظہار کرتے ہیں اور ہمارے لئے خوراک لاتے ہیں “۔ اُس سردار اور اُس کے خاندان کی زندگی بچ گئی اور اُس نے اپنا وعدہ پورا کیا۔ بائبل کی آ یتیں یاد کر کے ،وہ اُس مسجد میں جاکر سُنانے لگا جہاں کا وہ امام تھا ۔ اُس گاؤں میں ایک چرچ نے جنم لیا اور اب وہ سردار گاؤں گاؤں جا کر خُدا کی محبت کی خوشخبری پھیلاتا ہے ۔
ممکنہ ضروریات جاننا ، بھٹکے ہوؤں تک رسائی حاصل کرنا
NHM کے لئے ، رسائی کی منسٹریاں ایک گروہ کے لئے بنیادی ضروریات کا تعین کرنے کےجائزے سے ابتد ا کرتی ہیں ۔ جب ہم ضروریات کے تعین کاجائزہ لیتے ہیں تو اُس گروہ کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر شراکت قائم ہو جاتی ہے ۔ کچھ وقت کے بعد یہ تعلق بائبل کی کہانیاں سُنانے اور دریافتی بائبل سٹڈی تک پہنچ جاتا ہے۔ رسائی کی منسٹریاں انہیں خُدا کی محبت دیکھنے کے قابل بناتی ہیں اور پوری قوت سے اُن کے دلوں کو چھُو لیتی ہیں ۔
خُدا کی بادشاہی کی تحریکوں کی جانب بلندی کی سمت میں سفر
دعا ہمارے ہر کام کی بنیاد ہوتی ہے ۔سو جب جائزہ مکمل ہو جاتا ہے تو دعا میں شریک ہمارے ساتھی دعا کرتے ہیں کہ خُدا :
٭دروازے اور دل کھولے
٭پراجیکٹ کے راہنماؤں کے انتخاب میں مدد دے
٭مقامی لوگ باہیں کھولیں ۔
٭خُدا کی جانب سے معجزے سامنے آئیں
٭روح القدس کی راہنمائی ملے
٭خُدا ضروری وسائل مہیا کرے
دعا میں شریک تمام مراکز اُن علاقوں کے بارے میں جانتے ہیں جہاں ہم خدمت کے لئے جا رہے ہوتے ہیں ۔وہ اُن میں سے ہر ایک کے لئے روزے رکھتے اور دعا کرتے ہیں ۔ اور خُدا ہمیشہ صحیح وقت پر، صحیح وسائل کے ساتھ ،صحیح دروازہ کھولتا ہے ۔
لوگوں تک رسائی کے لئے سب سے زیادہ قوی اور موثر منسٹری یا خدمت کا انداز ، دعا ہے۔ اس سے تحریک کو پھیلاؤمیں بہت مدد ملی ہے ہمیں بلا کسی شک کے یہ یقین ہے کہ باتسلسل اور تزویراتی انداز سے کی گئی دعا اور روزے تاریکی کی قوتوں کو شکست دیتے ہیں۔ اکثر بیماروں کے لئے دعا سے بھی رسائی کا ایک دروازہ کُھل جاتا ہے ۔ ہم نے مسلسل دعاؤں کے نتیجے میں دشمنوں کے دروازے کُھلتے دیکھے ہیں ، سلامتی کے فرزند حاصل کیے ہیں اور پورے کے پورے خاندان بچائے ہیں۔ سب جلال باپ کے لئے ہے جو ہماری دعائیں سُنتا اور اُن کا جواب دیتا ہے ۔
دعا ہمارے ہر کام کی بنیاد ہے میں لوگوں سے کہتا ہوں کہ رسائی کی منسٹریوں کے تین اہم عناصر یہ ہیں : پہلا دُعا ،دوسرا دُعا اور تیسرا دُعا ۔
ہر پراجیکٹ خُدا ،ہمارے بادشاہ کی مقبولیت کا باعث بنتا ہے
ہم لوگوں تک کلام لے جانے کے لئے سب کچھ کر گذرتے ہیں تاکہ مسیح کو جلال حاصل ہو۔ ہمارا کام ہمارے لئے نہیں ہوتا۔ یہ خُداوند کے لئے ہوتا ہے ۔ہم نارسا لوگوں اور قوموں تک تزویراتی حکمت عملی کے ساتھ پہنچ کر انہیں خُداوند خُدا سے روشناس کراتے ہیں ۔
تعلیمی ٹیم
جہاں ہم سمجھتے ہوں کہ تعلیم بنیادی ضرورت نظر آ رہی ہے، تو ہمارے لئے دعا میں شریک ساتھی اس مقصد کو دعا کے ذریعے خُدا تک لے جاتے ہیں ۔ جب ہم دعا کر رہے ہوتے ہیں تو ہم مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہا ں موجود وسائل کیا ہیں ۔ہم یہ معلوم کرتے ہیں کہ وہ اپنی ہی ضرورت پورا کرنے کے لئے ہمیں کیا مہیا کر سکتے ہیں ۔اکثر وہ گروہ ہمیں زمین ،مشترکہ استعمال کی کوئی عمارت یا ایک عارضی عمارت بنانے کے لئے تعمیراتی سازوسامان فراہم کرتے ہیں ۔
عموما ہم مقامی لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اساتذہ کی تنخواؤں کی ادائیگی بھی کچھ حصہ ڈالیں ۔ اساتذہ پوری طرح سے سند یافتہ ہوتے ہیں ۔ اِس کے ساتھ ساتھ وہ تجربہ کار شاگرد ساز اورچرچ کے تخم کار بھی ہوتے ہیں ۔سکول تھوڑے سے بینچوں،پینسلوں اور پینوں ، چاک کے ایک ڈبے اور ایک تختہِ سیاہ کے ساتھ شروع کر دیا جاتا ہے۔ اس سکول کی ابتدا کسی درخت کے نیچے، مشترکہ استعمال کی کسی عمارت میں یا کسی پرانے گھر میں ہو سکتی ہے ۔ہم دھیرے دھیرے آغاز کرتے ہیں ۔ اور سکول کو تعلیمی اور روحانی اعتبار سے ترقی دیتے جاتے ہیں ۔
جب کوئی سلامتی کا فرزند اپنے گھر کے دروازے کھول دیتا ہے تو وہ دریافتی بائبل سٹڈی کی میٹنگز اور بعد ازاں ایک چرچ کے لئے ابتدا کا مقام بن جاتا ہے ۔ہم نے سو سے زائد پرائمری سکولوں کا آغاز کیا ہے، جن میں سے زیادہ تر اب مقامی لوگو ں کی ملکیت میں ہیں ۔
اس سادہ سے پروگرام کے نتیجے میں خُدا نے اب تک 12 ثانوی سکول، 2ٹیکنیکل سکول اور ایوری نیشن کالج بھی قائم کر دئے ہیں ۔ یہ کالج ، سکول آف بزنس اور سکول آف تھیالوجی کے ساتھ الحاق شدہ ہے۔ چند لوگوں کی توقع کے برعکس شاگرد سازی کی تحریکوں کو بھی مضبوط تعلیمی اداروں کی ضرورت ہوتی ہے ۔
طبی امداد ، دانتوں کا علاج ، صحت و صفائی
صحت سے متعلقہ کسی ضرورت کی شناخت کے بعد ہم دوائیوں ، ساز وسامان اور وسائل سے لیس، اعلی ٰ تربیت یافتہ طبی عملے کی ٹیمیں بھیجتے ہیں۔ ہماری ٹیم کے تمام ممبران تجربہ کار شاگرد ساز ہیں، اور دریافتی بائبل سٹڈی کے عمل کی سہولت کاری کے ماہر ہیں ۔ اُن میں سے بہت سے لوگ چرچز کے قیام کی مہارت بھی رکھتے ہیں ۔ٹیم کے افراد بیماروں کے علاج کے ساتھ ساتھ، سلامتی کے فرزند کی تلاش بھی جاری رکھتے ہیں۔ اگر انہیں اپنے دورے میں سلامتی کا فرزند نہ ملے تو وہ دوبارہ وہاں جاتے ہیں۔، جب سلامتی کا فرزندمل جائے تو وہ ایک پُل کا کام کرتے ہوئے مستقبل میں دریافتی بائبل سٹڈی کا میزبان بنتا ہے ۔ اگر سلامتی کا فرزند نہ ملے تو وہ ٹیم کسی اور علاقے میں چلی جاتی ہے، لیکن پچھلے علاقے میں دروازے کھولنے کے لئے دعا جاری رکھتی ہے ۔
چرچز کے قیام کے دس ماہرین کو دانتوں کے ڈاکٹر وں کے طور پر تربیت دے دی گئی ہے۔ انہیں صحت کے ادارے کے حکام کی جانب سے دانت نکالنے اور فیلنگ کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے ۔ اُن میں سے ایک چشمہ سازی کا ماہر بھی ہے۔ وہ لوگوں کی نظر کا معائنہ کرتا ہے اور مناسب چشمے فراہم کرتا ہے۔ وہ فیسیں بھی وصول کرتا ہے، تاکہ یہ عمل کسی پر انحصار کرنے کی وجہ سے ر ُک نہ جائے ۔ صحت کی ٹیم کے دیگر ممبران صحت و صفائی ،بچوں کو دودھ پلانے ، غذا اور غذائیت ، بچوں کے لئے حفاظتی ٹیکوں اور حاملہ عورتوں کی دیکھ بھال کی تربیت دیتے ہیں ۔
رسائی کی سب سے غیر معمولی منسٹری
ہم یہ سب کچھ مسیح کے انداز میں کرتے ہیں اور ہماری کوشش یہ ہوتی ہے کہ خُدا کی بادشاہی واضح طور پر نظر آئے ۔خُدا اپنا کام کرتا ہے اور اپنی موجودگی کا اظہار کرتا ہے۔ اس عمل کا آغاز عموما ایک خاندان یا غیر متوقع مقامی راہنما کے ذریعے ہو تا ہے۔ اس طریقے سے ہم شاگردوں کی مسلسل جاری افزائش ، دریافتی بائبل سٹڈی گروپ اور چرچز کا پھلنا پھولنا دیکھ سکتے ہیں ۔
سیرا لیؤن کے جنوبی حصے میں ایک بہت بڑے علاقے میں داخلہ ہمارے لئے مشکل ثابت ہو رہا تھا ۔وہاں کے مقامی لوگ ،مسیحیوں سے بہت زیادہ عداوت کا برتاؤ کرتے تھے۔ مسیحیوں کی حیثیت سے شناخت کر لئے جانے والے لوگوں کے لئے وہاں داخل ہونا ہی مشکل تھا۔ سو ہم نے اُس شہر کے لئے دعا کی، لیکن وقت گذرتا رہا اور ہماری کوئی بھی حکمت عملی کامیاب نہ ہوئی ۔
پھر اچانک ہی کچھ ہو گیا ! قومی خبر رساں ادارے نے اُس شہر میں صحت کے ایک مسئلے کی رپورٹ پیش کی۔ نوجوان بیمار ہو کر مر رہے تھے۔ یہ بات سامنے آئی کہ انفیکشن اس وجہ سے پھیل رہا تھا کہ اُس گاؤں میں لڑکوں کا ختنہ کبھی نہیں کیا جاتا تھا ۔جب میں نے اس مسئلے کے لئے دعا کی تو مجھے یوں محسوس ہوا کہ خُدا مجھے بتارہا ہے کہ اُس گاؤں میں خدمت کے لئے بالآخر ایک دروازہ کھول چکا تھا ۔
ہم نے رضا کاروں کی ایک طبی ٹیم تیار کی جو مناسب سازوسامان اور ادویات کے ساتھ اُس علاقے میں گئی۔ ہم نے پوچھا کہ کیا وہ ہمیں اس بات کی اجازت دیں گے کہ ہم اُن کی مدد کریں ۔ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی جب مقامی سردار وں نے رضامندی کا اظہار کر دیا ۔ پہلے ہی روزہماری ٹیم نے 300 سے زائد نوجوانوں کا ختنہ کیا ۔
اگلے چند روز میں وہ نوجوان صحت یابی کے عمل سے گذر رہے تھے ۔ اس سے ہمیں اُن فراغت کے دنوں میں دریافتی بائبل سٹڈی گروپ کا آغاز کرنے کا موقع ملا ۔ہمیں بہت مثبت ردعمل ملا ۔ جلد ہی چرچز کے قیام کے ساتھ ساتھ خُدا کی بادشاہی کی پیش روی شروع ہو گئی ! چند سالوں میں اُس مقام پر، جہاں مسیحی داخل بھی نہیں ہو سکتے تھے ، اب خُدا کے جلال کا نور پوری شدت سے چمک رہا ہے ۔ خُدا کے لوگوں کے لئے محبت ، مسلسل دعا کی قوت اور خُدا کے با اثر کلام نے سب کچھ بدل کر رکھ دیا ۔
زرعی ٹیم
رسائی کی منسٹری کی ہماری پہلی ٹیم زراعت کے شعبے سے تھی ۔ایسے علاقوں میں جہاں کھیتی باڑی زندگی کا لازمی حصہ ہو ،زراعت کے ذریعے لوگوں کی مدد، بہت آسانی سے دروازے کھولتی ہے ۔وہاں زراعت کا دائرہ زیادہ تر چھوٹے پیمانے کی کھیتی باڑی تک محدود ہے جس کی پیدا وار صرف خاندان کی ضرورت کے لئے ہی کافی ہوتی ہے ۔ اکثر اوقات اگلی فصل شروع کرنے کے لئے بیج بھی سنبھال کر نہیں رکھا جاتا ۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے ہم نے کسانوں کے لئے بیجوں کے بینک تیار کئے ۔اپنی دیگر ٹیموں میں سے ہم نے زراعت کے 9ماہر ین تیار کئے جو چرچ کے تربیت یافتہ تخم کار بھی تھے ۔ زراعت کے یہ ماہرین / شاگرد ساز کسانوں کو تربیت دیتے ہیں ۔ اس تربیت اور راہنمائی کے نتیجے میں ایسا تعلق پیدا ہوا ہے جس سے دریافتی بائبل سٹڈی گروپ ، بپتسموں اور بالآ خر چرچز کا قیام ممکن ہو گیا ہے۔ آج بہت سے کسان مسیح کے پیروکار بن چکے ہیں ۔
چرچزکی تخم کاری
ہماری 90 فیصد کاوشوں کے نتیجے میں چرچز قائم ہوئے ہیں۔ اکثر ایک سر گرمی کے نتیجے میں کئی چرچز قائم ہوتے ہیں۔ جب ہم اُن علاقوں میں دوبارہ جاتے ہیں تو ہم افراد خاندانوں اور پورے علاقے کے گروہوں کی تبدیلی کی گواہیاں سُنتے ہیں ۔لوگوں کے لئے ہمدردی اور محبت کے نتیجے میں خُدا کو مقبُولیت حاصل ہو رہی ہے !
شوڈانکے جانسن، سانتا کے شوہر اور سات بچوں کے والد ہیں۔ وہ سیرا لیئون میں نیو ہارویسٹ منسٹریز(NHM) کے رہنُما ہیں۔ خُدا کی مدد اور شاگرد سازی کے جذبے کی وجہ سے NHM نے گذشتہ 15 سالوں میں سیرا لیئون مییں سینکڑوں سادہ چرچز، 70 سکوُل اور بہت سی ایکسس منسٹریز قائم کی ہیں۔ اِن میں مسلمان علاقوں میں قائم کردہ 15 چرچز بھی ہیں۔ انہوں نے ساحل اور مغرب سمیت افریقا کے 14 ممالِک میں طویل مدتی خادم بھیجے ہیں۔ شوڈانکے افریقا، ایشیا، یورپ اور امریکہ میں شاگرد سازی کی تحریکوں کی تربیت اور دُعاؤں کو تحریک دے چُکے ہیں۔ وہ Evangelical Association of Sierra Leone کے صدر ا ور New Generations کے افریقن ڈائریکٹر کے طور پر بھی خِدمات انجام دے چُکے ہیں۔ آج کل وہ New Generations کے لئے عالمی تربیت اور دعاؤں کی تحریک کے ذمہ دار ہیں۔ وہ افریقا اور دُنیا بھر میں 24:14 کے اِتحاد کے کلیدی رہنُما ہیں۔
Mission Frontiers, www.missionfrontiers.org کے نومبر-دسمبر کے شمارے کے صفحہ نمبر 35-32 پر شائع کردہ مضموُن کے اقتباسات جو 24:14- A Testimony to All Peoples نامی کتاب کے صفحہ نمبر 33- 26 پر بھی شائع ہوا۔ 24:14 یا Amazon پر دستیاب ہے۔