Categories
حرکات کے بارے میں

CPM کے لازمی تقاضوں کا خاکہ ایک نیپکن پر۔ حصہ اول

CPM کے لازمی تقاضوں کا خاکہ ایک نیپکن پر۔ حصہ اول

– سٹیو آر سمتھ –

چلیں آپ نے دل میں فیصلہ کر لیا کہ آپ خُد اکی مدد سے اپنے علاقے یا نارسا قوم کے گروپ میں چرچ کی تخم کاری کی تحریک (CPM) شروع کرنا چاہتے ہیں ۔اب سوال یہ ہے :” میں کہاں سے شروع کروں “؟ فرض کریں کہ ہم ایک کافی شاپ میں بیٹھے ہیں اور میں آپ کے ہاتھ میں ایک نیپکین  پکڑا کر کہتا ہوں ،” اس پر اپنے CPM کے راستے کا خاکہ بنایئے ” ۔کیا آپ  کو پتہ ہو گا کہ شروع کہاں  سے کرنا ہے ؟ 

آپ کو کسی ایسے راستے پر چلنے کی بجائے جس کی منزل کوئی نہ ہو ،ایک ایسی راہ پر چلنا ہے  جو آپ کو ایک تحریک کی کامیابی تک لے جائے آپ کے لئے یہ سمجھنا لازمی ہے کہ وہ راستہ کیسا ہو گا ۔

CPM کے راستے میں سب سے بڑا چیلنج ” تحریک ” کا لفظ ہے ۔چرچز کی تخم کاری کی تحریکیں خُدا شروع کرتا ہے نہ کہ اُس کے خادم  ۔پھر بھی وہ اپنے خادموں کو ان تحریکوں کو آگے بڑھانے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ یہ تب ممکن ہوتا ہے جب وہ خُد اکی راہوں کے بارے میں جان لیں  اور اپنی منادی کی کوششیں پوری طرح اُس کے ہاتھوں میں دے دیں۔ 

منسٹری کے بادبان کھول کر روح کی ہوا سے بھر نا

اب اسے اس طرح سے دیکھیے ایک جہاز کا کپتان ہوتے ہوئے میں اُن سب چیزوں کو کنٹرول کر سکتا ہوں جن پر میرا اختیار ہو۔ میں بادبان کھول سکتا ہوں، پتوار کو صحیح جگہ پر لا سکتا ہوں، لیکن جب تک ہوا نہ چلے میری کشتی پانی پر ساکت رہے گی ۔میرا اختیار ہوا  پر نہیں ہے ۔اور اگر ہوا چل رہی ہو اور میں بادبان کھولنا بھول جاؤں ،تب بھی میں کہیں نہیں جا پاؤں  گا ۔اس صورت میں ہوا تو چل رہی ہو گی لیکن مجھے یہ نہیں پتہ ہو گا کہ اُس ہوا کے ساتھ  میں حرکت کیسے کروں ۔

شرعی قانون کے ایک روایتی یہودی استاد کو یسوع کے طریقہ کار سمجھنے میں دشواری ہو رہی تھی یسوع نے اُسے کہا :

” ہوا جِدھر چاہتی ہے چلتی ہے اور تُو اُس کی آواز سُنتا ہے مگر نہیں جانتا کہ وہ کہاں سے آتی اور کہاں کو جاتی ہے۔ جو کوئی رُوح سے پَیدا ہُؤا اَیسا ہی ہے۔” (یوحنا 3: 8)

روح کی ہوا کے بارے میں ہم پیش گوئی نہیں کر سکتے کہ وہ کیسے چلے گی۔ لیکن وہ چلتی ضرور ہےi۔ سوال یہ نہیں ہے کہ کیا  روح کی ہوا چل رہی ہے یا نہیں ۔سوال یہ ہے :” کیا میری منسٹری کی صورت حال ایسی ہے کہ وہ روح کی ہوا چلنے کے ساتھ حرکت کر کے خُد اکی تحریک بن سکے ؟”

اگر ہماری منسٹریاں روح کے راستو ں کے مطابق حرکت نہ کریں تو ہم اکثر جھنجھلا کر کہنے لگتے ہیں :” خُد اآج کے دور میں ویسا سر گرم نہیں ہے جیسا گذشتہ زمانوں میں تھا :”۔ لیکن پھر بھی دنیا بھر میں درجنوں CPM کی تحریکیں اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ : 

یِسُوع مسِیح کل اور آج بلکہ ابد تک یکساں ہے۔ “(عبرانیوں 13: 8)

دل اور چار کھیتیوں کا خاکہ : CPM کے لازمی تقاضوں کا خلاصہ ایک نیپکین پر

CPM کی تحریکوں میں ایسے کون سے عناصر ہیں  جن پر ہم اختیار رکھتے ہیں ایسی کون سی چیزیں ہیں جو ہمیں خُد ا کے روح کی چلائی ہوئی ہوا  کی مطابقت میں بادبان کھولنے اور جہاز چلانے میں مدد دے سکتی ہیں  CPM کی تحریکیں چلانے والے ان عناصر اور پہلوؤں کو کئی انداز میں بیان کرتے ہیں۔لیکن ذیل میں CPM کے لازمی عناصر کی ایک سادہ سی تلخیص دی جا رہی ہے .iiمیں اکثر کافی شاپ میں بیٹھے ہوئے اپنے دوستوں کے لئے  نیپکین پر یہ سادہ سی شکل خاکے  کی صورت میں بنا کر دِکھاتا ہوں ۔اگر آپ CPMکی منصوبہ بندی کا خاکہ ایک نیپکین پر نہیں بنا سکتے تو شاید آپ کے اپنے لئے اور دوسروں کے لئے بھی ایسی تحریک کی افزائش کرنا مشکل ہو جائےiii۔ آپ کی حوصلہ افزائی کے لئے بتاتا چلوں کہ میری ڈرائنگ بہت بُری ہے۔ لیکن میرا حوصلہ بلند ہے کہ میرے دوست اسے آگے بڑھا سکتے ہیں ۔

اپنے لوگوں کے لئے خُدا کا دل تلاش کریں اور ایمان کے ساتھ اُس کے مقصد کی تکمیل کے لئے اُس سے دعا کریں ۔

آپ اور آپ کی ٹیم کے پاس ایک مقصد ہے اور وہ یہ ہے کہ آپ تمام قوموں تک بادشاہی کی خوشخبری پہنچانا چاہتے ہیں، چاہے کچھ بھی  ہو ۔( یہ تصور ایک بڑے دل کی صورت میں اس خاکے میں پیش کیا جا رہا ہے) ۔آپ خُدا کے مقصد کو پورا کرنا چاہا رہے ہیں ،نہ کہ اپنے مقصد کو ۔متی 6: 9-10 اور 28: 18-20 ہمیں بتاتے ہیں کہ اُس کی بادشاہی تمام قوموں اور تمام امتوں کے لئے آئے  گی ۔اس مقصد اور تصور کے نتیجے میں لوگوں کی ایک بہت بڑی  بھیڑ ایمان کے دائرے میں داخل ہو گی اور چھوٹے بڑے ہزاروں چرچز  پیدا ہوں گے۔  اس مقصد کے حامل ایماندار اپنی زندگیوں میں بھی تبدیلیاں لاتے ہیں تاکہ وہ اپنے معاشرے میں خُد اکی بادشاہی لانے کا موجب بن سکیں ۔

  • چونکہ یہ مقصد بہت ہی بڑا ہے تو آپ اسے بنیادی حصوں میں تقسیم کریں ۔اس سے آپ جان سکیں گے کہ ابتدا  کہاں سے کی جائے ۔ہر معاشرے میں لوگ مختلف  بنیادوں پر رشتے استوار کرتے ہیں، مثلا آس پڑوس میں رہنے والوں کے ساتھ ، کام کے ساتھیوں، دوستوں ،کسی کلب کے ساتھیوں کے ساتھ۔  آپ کا ہدف سادہ سا ہے۔ رائی کے دانے بوتے جائیے(متی 13: 31-33 )تاکہ آپ اُن لوگوں اور اُن سے پرے مزید لوگوں تک رسائی حاصل کر سکیں ۔
  • جب آپ دیکھ لیں کہ اُن میں سے ہر جماعت کے اندر تحریک  کی جڑوں نے زور پکڑ لیا ہے اور ایماندورں اور چرچز کی  چا ر جینریشنز  – جی فور – وہاں قدم جما چُکی ہیں تو آپ اگلے مرحلے پر جائیں ( 2 تیمتھیس 2: 2)( اسے نسلوں کے درخت کے ذریعے دکھایا جاتا ہے )۔ CPM کی کامیابی کا اندازہ کم از کم چار نسلوں کے مسلسل بڑھنے سے ہوتا ہے جو کہ ایک مختصر عرصے میں افزائش پائیں ( سالوں یا مہینوں میں نہ کہ عشروں میں )۔ CPM کے موثر اور سر گرم کارکن ایمانداروں یا چرچز کی تعداد کی بجائے ایمانداروں اور چرچز کی  نسلوں کی بنیاد پر اپنی کامیابی کا تعین کرتے ہیں ۔وہ اکثر اپنی تحریک کی کامیابی جنریشن یا نسلوں کے درخت کے ذریعے دکھاتے ہیں ۔

جب تک ہم خُد اکے دل سے واقف نہ ہوں  تو  ہم اُس سے یہ توقع نہیں کر سکتے کہ  وہ معجزات دکھائے۔ وہ کوئی ایسا کام نہیں کرے گا جو اُس کے دل کے مطابق نہ ہو یا اُس کے دل کی خواہش سے کم تر ہو ۔

خُد اکی راہ پر چلنے والے خُد اکے دل کے لئے دعا کریں

خُداوند کے مقصد کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ آپ مسیح میں زندہ رہ کر ایک بنیاد قائم کریں  ( یوحنا 15: 5، زبور 78 : 72 ، متی 11: 12، 17: 20)( اس کی ترجمانی ایک ایسے شخص کی تصویر سے کی جاتی ہے جس کا دل خُدا میں ہو)۔ پھل وہ ہی لوگ لاتے ہیں جو خُد ا میں رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کا کوئی اور طریقہ نہیں ہے۔ اس سے کم کچھ بھی ہو وہ عارضی اور ناقص پھل لائے گا۔ CPM میں مرکزی کردار کرنے والے  خواتین و حضرات کے لئے ضروری نہیں ہے کہ  وہ روحانی طور پر دیگر لوگوں سے بہت بلند ہوں ،لیکن یہ لازمی ہے کہ وہ مسیح میں جیتے ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ مسیح میں رہتے ہوئے بھی کو ئی CPM کی تحریک شروع نہ  کر سکیں ۔لیکن اگر آپ اُس میں زندہ نہیں ہیں  تو آپ ایسی کوئی تحریک شروع کر ہی نہیں  سکیں گے ۔ 

  • یاد رکھیے خُد اانسانوں کو استعمال کرتا ہے طریقوں کو نہیں ؛ خُد الوگوں کو استعمال کرتا ہے، صرف اصولوں کو نہیں ۔

جب ہم حلیمی کے ساتھ یسوع میں قائم رہتے ہیں تو ہمیں اُس کے ساتھ ساتھ خُدا سے مسلسل اور پُر جوش دعا کرنی ہوتی ہے کہ وہ ہمارے ذریعے اپنا مقصد پورا کرے (متی 6: 9-10، لوقا 10: 2، 11: 5-13، اعمال 1: 14)(اسے گھٹنے ٹیکے ہوئے شخص کے خاکے میں دکھایا گیا ہے )۔چرچز کی تخم کاری کی ہر تحریک کا آغاز ایک دعائیہ تحریک سے ہوتا ہے۔ جب خُد اکے لوگ پورے دل کے ساتھ اُس کے دل کی مرضی پوری ہونے کے لئے روزے رکھتے اور دعا کرتے ہیں تو حیران کُن معجزے  رونما ہونے لگتے ہیں ۔

سٹیو سمتھ، ڈاکٹر آف تھیالوجی، ( 1962-2019 ) 24:14  اتحاد کے شریک سہولت کار اور متعدد کتابوں،   بشموُل  T4T: A Discipleship Re-Revolution ،کے مصنف تھے ۔ انہوں نے تقریباً دو دہائیوں تک دُنیا بھر میں چرچز کی تُخم کاری کی تحریکوں کو تربیت دی اور متحرک کیا۔

یہ مواد     مشن فرنٹئیرز کے جولائی-اگست 2103  کے شمارے میں صفحات 29-31پر شائع ہُونے والے ایک مضموُن کی تدوین شدہ شکل ہے۔  www.missionfrontiers.org    

i   یونانی زبان میں “روح” اور “ہوا”  کے لئے ایک ہی لفظ ہے۔

ii میں دِل اور چار کھیتیوں کی تصویر کے مُختلف حصوں کے لئے ناتھن شینک، نیل مِمز اور جیف سنڈل کا مشکوُر ہوں۔

iii اِن میں سے ہر ایک حصے کی  تفصیل، عملی معاونت کے ساتھ سٹیو سمتھ اور یِنگ کائی کی مشترکہ تصنیف  T4T: A Discipleship Re-Revolution 2011 WIGTake Resources میں دی گئی ہے۔  یہ کتاب www.churchplantingmovements.com اور ایمازون پر دستیاب ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے