Categories
حرکات کے بارے میں

شاگرد سازی کے مواد اور وسائل کی ترتیب و تشکیل – قابلِ منتقلی اور قابلِ افزائش ہونا

شاگرد سازی کے مواد اور وسائل کی ترتیب و تشکیل – قابلِ منتقلی اور قابلِ افزائش ہونا

– ایلا ٹیسے –

 میں نیروبی کینیامیں واقع لائف وے مشن کا صدر ہوں۔ میں نیو جنریشنز ،ایسٹ افریقہ ریجن کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتا ہوں۔ میں شاگرد سازی کے وسائل اور مواد کی ترتیب و تشکیل کی اہمیت کے بارے میں کچھ باتیں آپ کو بتانا چاہتا ہوں۔ جب آپ شاگرد بناتے ہیں تو آپ کے پاس وہ مطلوبہ مواد اور وسائل ہونا ضروری ہیں جو اس عمل میں آپ کی مدد کریں ۔بہت سے چرچز اور مشنری تنظیموں نے یسوع  کےاس حکم کی تعمیل   کرنے کی کوشش کی ہے  کہ “جاؤ اور شاگرد بناؤ” ۔لیکن ان میں سے کچھ تنظیمیں شاگرد بنانے میں غیر مؤثر رہی ہیں ،کیو نکہ اُن کے پاس دوسرے لوگوں کو یسوع کے شاگرد بنانے کے لئے ضروری وسائل کی کمی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہم مل کر شاگرد سازی کے مواد کی ترتیب وتشکیل کے عمل پر تحقیق کریں، جو ہمیں لوگوں کو یسوع کے شاگرد بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

 میرے خیال کے مطابق شاگرد سازی  کے مواد کی ترتیب کے تین  مرحلے ہیں۔ پہلا مرحلہ تیاری کا ہے۔ اس مرحلے پر اُن چیزوں کو دیکھا جاتا ہے جنہیں شاگرد سازی کے مواد کی ترتیب کا آغاز کرنے سے پہلے جاننا ضروری ہے۔ دوسرا مرحلہ اپنے وسائل اور تربیتی مواد کو سیشنز اور موضوعات میں ترتیب دینا ہے، جو کہ نئے شاگردوں کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو ۔تیسرا مرحلہ  مواد کی تیاری اور ترتیب ہے۔ ہم شاگرد سازی کے مواد کی ترتیب وتشکیل کے اصولوں پر نظر ڈالیں گے اور ہماری توجہ کا مرکز اُس کی تیاری ہو گا ۔

تیاری میں چار کام کرنے ضروری ہیں ،جو کہ ہر اُس شخص کو کرنے ہوتے ہیں جو شاگرد سازی کا  مواد ترتیب دے رہا ہو۔ سب سے پہلا کام ہے دعا۔ شاگرد ساز کے لئے ضروری ہے کہ وہ خُدا سے دعا کرے کہ وہ نئے شاگردوں کی ضروریات کے مطابق مواد کی تشکیل میں اُس کی راہنمائی کرے۔ ہمیں خُدا کے دل کو جاننا ہے اور روح القدس کی راہنمائی  کے لئے دعا کرنی ہے۔ روح القدس، بہترین مواد تیار کرنے میں ہماری راہنمائی کرے گا ،اور یہ مواد اُتنا ہی ا ہم ہے جیسے ایک نو مولود بچے کو اُس کے لئے موزوں غذا دینا ۔ یہ اس لئے ہے کہ نئے شاگرد کو بہت سی نئی چیزیں سیکھنی ہوتی ہیں ۔ اگر ہم موثر طور پر دعا نہیں کر سکیں گے  تو ہم اس معاملے میں نہ ہی خُدا کی مرضی جان سکیں گے، اور نہ ہی روح القدس کی راہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ سو سب سے پہلا مرحلہ دعا کے ذریعے خُدا کو اپنے ساتھ شامل کرنا ہے ۔  

دوسرے نمبر پر اہم بات یہ ہے کہ ہم اُن لوگوں کے بارے میں بہترین طور پر معلومات حاصل کریں جنہیں ہم تعلیم دینا چاہتے ہیں ۔ نارسا قوموں اور گروہوں تک رسائی کی ابتدا  میں،  ہم انہیں ٹھوس غذا نہیں کھلا سکتے ۔ جب   وہ مسیح کے ایمان میں نئے نئے داخل  ہوئے ہوں، ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ وہ اپنے روحانی سفر میں کس مقام پر ہیں؟ وہ کیا کچھ جانتے ہیں ؟ وہ کیا نہیں جانتے ؟ اُن کی تعلیمی استعداد کیا ہے ؟ اُن کی معاشی صورت حال کیا ہے ؟ انہیں کیسے چیلنجز کا سامنا ہے ؟ کیا اُن کا تعلق ایک مسلمان پس منظر سے ہے یا ہندو  پس منظر سے ؟ اُن کی عمر کیا ہے ؟ شاگرد سازی کے تربیتی مواد کی تیاری سے پہلے ہمارے لئے یہ سب کچھ جاننا بہت ضروری ہے ۔ اسی لئے کوئی بھی شاگرد ساز  جو کہ شاگردسازی کا تربیتی مواد تیار کرنا چاہے ، اُس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ممکنہ شاگردوں کو بہترین طور پر جان لے میں نے بہت سے لوگوں کو دیکھا ہے کہ  جو ایک مقام سے دوسرے مقام پر جاتے ہوئے ایک ہی مواد اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ وہ مختلف قسم کے علاقوں اور قوموں میں ایک ہی طرح سے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ یہ طریقہِ کار مؤثر نہیں ہے۔ مثال کے طور پر کچھ لوگ ایسے ہوں گے جو کہ صرف زبانی تربیت حاصل کرنے کے قابل ہوں ۔اور دوسرے ایسے ہوں گے جن کا اچھا خاصہ تعلیمی میعار ہو ۔اگر آپ اپنے ممکنہ شاگردوں کی استعداد کو صحیح طور پر نہ سمجھیں، تو آپ کے لئے شاگرد سازی کا مؤثر تربیتی مواد تیار کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ اسی لئے تیاری کا دوسرا مرحلہ بہت ہی اہم ہے ۔ یہ کہ ہم اپنے ممکنہ شاگردوں سے واقف ہوں چاہے وہ گروپ کی حیثیت میں ہوں یا انفرادی حیثیت میں ۔ لازمی ہے کہ ہم انہیں بہت اچھی طرح جان لیں ۔ 

تیسری  سرگرمی ایک ایسی ٹیم کی تیاری ہے جو شاگرد سازی کے تربیتی  مواد کی تیاری اور تشکیل پر کام کرے ۔ ضروری ہے کہ اس ٹیم میں  ایسے لوگ موجود ہوں جنہیں اُس قوم یا گروہ کےلوگوں کے  درمیان کام کرنے کا تجربہ ہو، جنہیں آپ شاگرد بنانا چاہتے ہیں۔ یہ ٹیم مل کر مختلف خیالات جمع کر سکتی ہے ، سوچ و بچار سکتی ہے اور دعا کر سکتی ہے ۔ وہ ممکنہ شاگردوں کے گروپ کے بارے میں تفصیلات بھی حاصل کر سکتی ہے۔ اس عمل کے لئے ایک ٹیم کا ہونا بہت زیادہ اہم ہے، کیو نکہ کوئی شخص اکیلا بیٹھ کر اُن مسائل کا ادراک نہیں کر سکتا  جو ممکنہ شاگردوں کے گروپ کی شاگرد سازی کے وقت سامنے آ سکتے ہیں ۔ 

میں نے دیکھا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ آن لائن  تربیتی مواد ڈاؤن لوڈ کرتے رہتے ہیں ، جو کہ عموما ً   اُن لوگوں کی ضروریات کے مطابق بھی نہیں ہوتا ،جن کی وہ شاگرد سازی کرنا چاہتے ہیں ۔ ہاں یہ ضروُر ہو سکتا ہے کہ ہم دوسرے قبیلوں یا دوسری قوموں سے کچھ خیالات اور نکات مُستعار لے لیں  ۔ لیکن اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ کسی ایک علاقے کے لوگوں کے ویسے ہی مسائل ہوں گے  جیسے دوسرے علاقے کےہیں ۔ اس لئے یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ اس ٹیم کو کسی مخصوص گروہ  کے بارے میں  مکمل معلومات اور سمجھ بوجھ حاصل ہو ۔

چوتھی سر گرمی تجزیہ کرنا ہے۔ یہ ٹیم مل کر اُن مسائل کا تجزیہ کر سکتی ہے   جنہیں کسی مخصوص گروہ کی شاگرد سازی کے عمل کے دوران حل کرنا ضروری ہو۔ ٹیم ضروری معلومات اکٹھی کرے گی   اور ممکنہ شاگرد وں کے گروہ کو در پیش مسائل اور چیلینجز کو نظر میں رکھے گی ۔ ایسے کون سے دنیاوی مسائل ہیں جن کا کلام کی روشنی میں حل کیا جانا ضروری ہے ؟ اُن کے مذہبی اعتقادات کیا ہیں، جن پر  شاگرد سازی کے عمل کے دوران کام کر نا ضروری ہے ؟ 

مندرجہ بالا نکات کی روشنی میں آپ شاگرد سازی کے مواد  میں سے اپنے موضوعات  کا انتخاب کر کےسیشنز ترتیب دے سکتے ہیں۔ اگر آپ ممکنہ شاگردوں کے گروہ کے بارے میں معلومات  کا حصول اور تجزیہ کرنے سے قاصر ہوں تو آپ کو اندازےکی بنا پر چلنا پڑتا ہے کہ کو ن سی چیز اُن کے لئے موزوں ہو سکتی ہے۔ لیکن  عین ممکن ہے کہ آپ کا خیال غلط ہو ۔ آج کے دور میں استعمال ہونے والے شاگرد سازی کے بہت سے وسائل، ممکنہ شاگردوں کی روحانی اور مادی ضروریات پوری نہیں کرتے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہمارے پاس ایک ٹیم موجود ہو جو کہ ہر قبیلے اور ہر قوم کی ضروریات کے مطابق تجزیہ کر کے موضوعات  ترتیب دے ۔شاگرد سازی کے  تربیتی مواد کی تیاری کے پہلے مرحلے میں  یہ سر گرمیاں بہت اہم ہیں ۔ ہمیں اس میں جلد بازی کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آپ جتنا وقت لگائیں گے ،اتنا ہی بہتر طور پر آپ کسی گروہ کی ضروریات سمجھ سکیں گے ۔اس سے آپ اس قابل بن جائیں گے کہ آپ لوگوں کو اُن کے اپنے تہذیبی اور معاشرتی تناظر کے مطابق  مؤثر طور پر یسوع کے شاگرد بنا سکیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے